اسلام آباد، وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی جانب سے مارچ 2025 میں ترسیلات زر کی مد میں 4 ارب ڈالر سے زائد بھیجنے پر خوشی اور اطمینان کا اظہار کیا ہے، جو کسی بھی ایک ماہ میں ترسیلات زر کی سب سے بڑی رقم ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ مارچ میں ترسیلات زر 4.1 بلین ڈالر تاریخ کی بلند سطح پر پہنچیں، جو نہ صرف ایک نیا ریکارڈ ہے بلکہ سمندر پار پاکستانیوں کے وطن سے لگاؤ، محنت اور عزم کا عملی ثبوت ہے، رواں مالی سال کے دوران مجموعی ترسیلات زر 28 بلین ڈالر تک پہنچ چکی ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ گزشتہ برس مارچ کے مقابلے میں اس سال مارچ میں ترسیلات میں 37.4 فیصد اضافہ ہوا ہے، جو نہ صرف خوش آئند ہے بلکہ معیشت کے لیے حوصلہ افزا بھی ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ اس اہم پیشرفت کا اوورسیز پاکستانی کنونشن کے دوران سامنے آنا خاص معنویت رکھتا ہے اور یہ ترسیلات میں اضافہ ملک کی اقتصادی پالیسیوں پر سمندر پار پاکستانیوں کے اعتماد کا واضح ثبوت ہے۔
انہوں نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی نہ صرف ملک کی معیشت کو سہارا دیتے ہیں بلکہ عالمی سطح پر پاکستان کی پہچان کو بھی مضبوط کرتے ہیں۔ حکومت ان کی خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے اور انہیں سہولیات کی فراہمی کے لیے پوری طرح پرعزم ہے۔
وزیراعظم نے سمندر پار پاکستانیوں کو قومی اثاثہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ پوری قوم ان کی قربانیوں، محنت اور جذبے پر فخر محسوس کرتی ہے۔