ٹیرف معطلی پر سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہونے سے پاکستان سٹاک مارکیٹ میں زبردست تیزی ریکارڈ ہوئی ہے۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے تین ماہ کیلئے ٹیرف معطلی کے اعلان کے بعد سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہوا ہے جس کی وجہ سے پاکستان سٹاک مارکیٹ میں زبردست تیزی کے ساتھ کاروبار کا آغاز ہوا ہے۔
کاروباری ہفتے کے چوتھے روز سٹاک ایکسچینج میں کاروبار کے آغاز پر 3300 سے زائد پوائنٹس کا اضافہ ہوا جس کے ساتھ پاکستان سٹاک مارکیٹ میں ہنڈرڈ انڈیکس ایک لاکھ 17 ہزار 484 پوائنٹس تک پہنچ گیا۔
دوسری جانب امریکی ٹیرف میں 90 دن کا وقفے کے بعد عالمی اسٹاک مارکیٹس میں بھی تیزی دیکھی جارہی ہے۔
امریکا کی اسٹاک مارکیٹوں میں تیزی کا رجحان ہے۔ نیسڈیک نو اعشاریہ آٹھ، ایس اینڈ پی آٹھ اعشاریہ دو اور ڈاؤ جونز کے حصص میں سات فیصد کا اضافہ ہوا۔ خام تیل کی قیمت 4 فیصد بڑھ گئی۔ برینٹ کروڈ آئل 65 ڈالر فی بیرل سے اوپر چلا گیا۔ عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمت بھی 3 فیصد بڑھ گئی۔
واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے گزشتہ ہفتے عائد کیے گئے تجارتی ٹیرف میں 90 روز کے وقفے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ گزشتہ ہفتے عائد کیے گئے جوابی محصولات میں 90 دن کا وقفہ کررہے ہیں اور اس کا اطلاق بھی فوری طور پر ہوگا جبکہ امریکی صدر کی جانب سے چین پرعائد تجارتی ٹیرف میں مزید اضافہ کرکے اسے 125 فیصد کردیا گیا ہے۔