ریاض، سابق امیرِ جماعتِ اسلامی سراج الحق نے سعودی عرب میں پاکستانی کمیونٹی کے اراکین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان تمام چیلنجز سے نمٹنے کے بعد ترقی کی راہ پر گامزن ہے، اور اس کی مضبوطی امت مسلمہ کی مضبوطی کے مترادف ہے۔
سعودی دارالحکومت ریاض میں مجلسِ پاکستان کی جانب سے منعقدہ تقریب میں پاکستانی کمیونٹی کے اراکین سے خطاب کرتے ہوئے سراج الحق کا کہنا تھا کہ سعودی عرب اور پاکستان کے تعلقات لازوال ہیں، اور یہاں لاکھوں پاکستانی کام کر رہے ہیں جو ملکی معیشت کے لئے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اسلامی دنیا کا ایک اہم ملک ہے، اور اس کی مضبوطی امت مسلمہ کی پائیداری کی علامت ہے، اس لئے ہمیں مل کر پاکستان کو مستحکم اور پائیدار بنانے کے لئے جدوجہد کرنی ہوگی۔
سراج الحق نے ملک کی موجودہ صورتحال پر بات کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان بہتری کی جانب بڑھ رہا ہے، دہشت گردی ایک عارضی مسئلہ ہے جس کا مقابلہ ہماری فوج اور دیگر سیکیورٹی فورسز کر رہی ہیں۔
مجلسِ پاکستان کے صدر رانا عبدالرؤف نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں نے ہمیشہ ملک کی ترقی میں اہم کردار ادا کیا ہے، اور پاکستان کو معاشی طور پر مستحکم بنانے کے لیے سب کو مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔
تقریب میں مجلسِ پاکستان کے سرپرستِ اعلیٰ سید ثاقب زبیر، میاں عبدالحامد، نسیم پاشا اور دیگر نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔