ریحام خان کی علی سفینہ پر شدید تنقید: "کسی کو شرمندہ کرنا مزاح نہیں”

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

پاکستانی اداکارہ اور سوشل میڈیا انفلوئنسر میرب علی سے ہانیہ سے متعلق سوال پر فلم ساز ریحام خان نے اداکار و میزبان علی سفینہ کو آڑے ہاتھوں لے لیا۔

معروف صحافی، مصنفہ اور فلم ساز ریحام خان نے اداکار اور میزبان علی سفینہ کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ حالیہ دنوں میں علی سفینہ کے پوڈکاسٹ میں اداکارہ میرب علی بطور مہمان شریک تھیں، جہاں میزبان نے ان سے ان کے منگیتر، گلوکار عاصم اظہر کے حوالے سے ایک طنزیہ سوال کیا، جس پر سوشل میڈیا پر شدید ردعمل دیکھنے میں آیا۔

latest urdu news

پوڈکاسٹ کے دوران، علی سفینہ نے میرب علی سے پوچھا: "کیا عاصم اظہر آپ کے لیے گانے گاتے ہیں؟”

جب میرب نے اس سوال کا براہ راست جواب دینے سے گریز کیا، تو علی سفینہ نے مزید مذاق کرتے ہوئے کہا: "کیا عاصم نے کبھی آپ کے لیے ‘او ہانیہ وے دلجانیہ’ گانا گایا ہے؟”

یہ جملہ دراصل ہانیہ عامر اور عاصم اظہر کے ماضی کے تعلق کی طرف اشارہ تھا، جس کے بعد میرب علی قدرے غیر آرام دہ محسوس کرتی دکھائی دیں۔ تاہم، انہوں نے صورتحال کو مہذب انداز میں سنبھالا اور کسی ناخوشگوار ردِعمل سے گریز کیا۔

یہ کلپ وائرل ہونے کے بعد، ریحام خان نے انسٹاگرام پر ایک ویڈیو پیغام جاری کیا، جس میں انہوں نے علی سفینہ کے اس عمل کو غیر مناسب اور غیر اخلاقی قرار دیا۔

ریحام خان نے کہا: "ایک کم عمر لڑکی سے اس کے منگیتر کے ماضی سے متعلق سوال کرکے اسے شرمندہ کرنے کی کوشش کی گئی، یہ ہرگز مزاحیہ نہیں تھا۔ اگر یہی سوال کسی مرد سے کیا جاتا تو شاید یہ معاملہ مختلف ہوتا، لیکن ایک نوجوان لڑکی کو ماضی کے رشتوں سے جوڑ کر شرمندہ کرنا انتہائی نازیبا حرکت ہے۔”

"کسی کو شرمندہ کرنا مزاح نہیں”

ریحام خان نے اپنی گفتگو میں مزید کہا کہ: "ہماری نوجوان نسل اب منافقت کے بجائے کھلے دل سے اپنی زندگی جینے کو ترجیح دے رہی ہے۔ وہ چیزوں کو چھپانے کے بجائے سچ بولنا پسند کرتے ہیں۔ لیکن ایسے سوالات کرکے انہیں یہ سکھایا جا رہا ہے کہ اپنے جذبات اور سچائی کو چھپانا چاہیے۔ یہ رویہ نہایت نقصان دہ ہے۔”

انہوں نے مزید کہا کہ: "یہ انتہائی افسوسناک بات ہے کہ ایک چھوٹی بچی کو غیر ضروری طور پر شرمندہ کرنے کی کوشش کی گئی۔ ایسے تبصرے اور سوالات صرف پوچھنے والے کی سوچ کو ظاہر کرتے ہیں، نہ کہ جس سے سوال کیا جا رہا ہے۔”

ریحام خان کے مطابق، اگر علی سفینہ کو عاصم اظہر کے ماضی سے متعلق سوال کرنا تھا تو وہ یہ براہِ راست عاصم سے کرتے، میرب علی کو درمیان میں لانے کا کوئی جواز نہیں تھا۔

"نئی نسل کو سچ بولنے دیں، اپنے جیسا نہ بنائیں”

اپنے پیغام کے آخر میں، ریحام خان نے کہا: "ہم نے بھی اپنے وقت میں ایسے رویے برداشت کیے ہیں، لیکن براہِ کرم نئی نسل کے ساتھ ایسا نہ کریں۔ انہیں ایماندار اور سچ بولنے والا رہنے دیں، انہیں منافقت نہ سکھائیں۔”

سوشل میڈیا پر ردِعمل

ریحام خان کے اس بیان کے بعد، سوشل میڈیا صارفین نے بھی ملے جلے ردعمل کا اظہار کیا۔ کچھ صارفین نے ان سے اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ علی سفینہ کا یہ سوال غیر اخلاقی تھا اور میرب علی کو شرمندہ کرنے کے مترادف تھا۔ تاہم، کچھ لوگوں نے اسے محض ایک مذاق قرار دیا اور ریحام خان کے بیان کو غیر ضروری تنقید سمجھا۔

شیئر کریں:
frontpage hit counter