نیویارک میں یوم پاکستان کے موقع پر معروف کامیڈین حسن عباس کو ان کے فن کے اعتراف میں اعترافِ فن ایوارڈ دیا گیا۔
حسن عباس برصغیر میں اسٹینڈ اپ کامیڈی کے بڑے ناموں میں شمار ہوتے ہیں۔ وہ گزشتہ 40 سال سے موسیقی، کامیڈی، اسٹیج، ٹی وی، فلم اور انٹرٹینمنٹ انڈسٹری سے وابستہ ہیں۔
اپنے فنی سفر کے دوران حسن عباس نے استاد نصرت فتح علی خان اور استاد غلام عباس جیسے نامور موسیقاروں کی شاگردی اختیار کی۔ وہ استاد غلام علی، استاد مہر علی اور استاد شیر علی قوال کے ساتھ بھی طویل وقت گزار چکے ہیں، جبکہ کامیڈی کے شعبے میں مرحوم امان اللہ خان اور سہیل احمد جیسے لیجنڈز سے بہت کچھ سیکھا۔
حسن عباس نے کلاسیکل میوزک، میوزک کامیڈی، پیروڈی، تاثراتی اداکاری اور صداکاری کو یکجا کرکے ایک منفرد انداز اپنایا۔ ان کے مداح برصغیر، مشرق وسطیٰ، فار ایسٹ، یورپ اور امریکا تک پھیلے ہوئے ہیں، جہاں وہ گزشتہ 30 سال سے اپنی پرفارمنس سے شائقین کو محظوظ کر رہے ہیں۔
انہیں "فنکاروں کا فنکار” بھی کہا جاتا ہے، کیونکہ ان کے فن سے نہ صرف عوام بلکہ سینئر فنکار بھی لطف اندوز ہوتے ہیں۔ ان کی موجودگی اکثر نجی محفلوں کی رونق بڑھا دیتی ہے۔
یہ دوسرا موقع ہے کہ حسن عباس کو نیویارک میں کسی اعزاز سے نوازا گیا ہے۔ اس سے قبل 2014 میں انہیں "مسٹر کامیڈی” کا خطاب بھی دیا گیا تھا۔