جمعہ, 25 اپریل , 2025

2 میچ ہارگئے لوگ ناخوش ہیں، ہماری اصل توجہ ایشیا کپ اور ورلڈکپ پر ہے، ہیڈ کوچ قومی ٹیم

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

پاکستان کرکٹ ٹیم کے عبوری ہیڈ کوچ عاقب جاوید کا کہنا ہے کہ ٹیم کی تعمیر نو کا مطلب ہرگز یہ نہیں کہ جیت کو نظر انداز کیا جا رہا ہے۔

آکلینڈ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عاقب جاوید نے کہا کہ پاکستان ٹیم کم بیک کرے گی اور سیریز جیتنے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہے، تیسرے ٹی ٹوئنٹی میں ممکنہ طور پر ایک یا دو تبدیلیاں کی جا سکتی ہیں۔

latest urdu news

ان کا کہنا تھا کہ ٹیم کی تشکیل نو کا ہرگز یہ مطلب نہیں کہ کامیابی غیر اہم ہو گئی ہے، نیوزی لینڈ میں کھیلنا آسان نہیں، خاص طور پر وہ کھلاڑی جو بیرون ملک کم کرکٹ کھیل چکے ہوں، ان کے لیے مشکلات پیدا ہو سکتی ہیں۔

عاقب جاوید نے کہا کہ دو میچوں میں شکست کے بعد لوگ ناخوش ہو گئے ہیں، شائقین ہر وقت ٹیم کو کامیاب دیکھنا چاہتے ہیں اور ہم بھی یہی چاہتے ہیں، مگر بعض اوقات تھوڑا وقت درکار ہوتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ سرفراز احمد کی قیادت سے متعلق بات اب ماضی کا قصہ بن چکی ہے، جو ٹیم دو سال پہلے بہترین تھی، آج کے دور میں کرکٹ کے انداز میں تبدیلی کے باعث اسے بھی نئے چیلنجز کا سامنا ہے، اب ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ کے لیے الگ ٹیمیں بنائی جا رہی ہیں، ہم بھی اسی سمت میں کام کر رہے ہیں۔

عبوری ہیڈ کوچ نے کہا کہ ایشیا کپ اور ورلڈ کپ بھارت میں ہونے والے اہم ٹورنامنٹ ہیں، ایشیا کی پچز پر بڑے اسکور بنتے ہیں جبکہ جنوبی افریقہ، نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا میں کھیلنا ہمیشہ ایک چیلنج ہوتا ہے۔ نوجوان کھلاڑی مشکل کنڈیشنز میں کھیل کر اعتماد حاصل کریں گے جو ایشیائی وکٹوں پر ان کے لیے فائدہ مند ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ ہماری اصل تیاری ایشیا کپ اور ورلڈ کپ کے لیے ہے، جیسے ہی صائم ایوب اور فخر زمان ٹیم کا حصہ بنیں گے، ہماری ٹیم مزید متوازن ہو جائے گی۔

عاقب جاوید نے مزید کہا کہ اگر کسی باؤلر کو چار چھکے لگ جائیں تو یہ کوئی غیر معمولی بات نہیں، فاسٹ باؤلرز کی کارکردگی میں مسلسل بہتری آنی چاہیے، شاہین شاہ آفریدی کو بھی اپنی گیم میں مزید نکھار لانا ہوگا، اگر انہیں انٹرنیشنل کرکٹ میں اپنی صلاحیت ثابت کرنی ہے تو مزید محنت کرنی ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ نیوزی لینڈ میں باؤنڈریز چھوٹی ہیں، اگر پاکستانی بلے باز ابتدائی طور پر اچھا اسکور کریں تو جیت کے امکانات روشن ہو سکتے ہیں۔

شیئر کریں:
frontpage hit counter