پشاور، خیبرپختونخوا میں جوڈیشل افسران کی فلاح و بہبود کے لیے خصوصی فنڈز قائم کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔
اس حوالے سے وزیر قانون اور محکمہ خزانہ کے نمائندوں پر مشتمل کمیٹی نے فنڈ کے قیام کی منظوری دے دی ہے۔
دستاویزات کے مطابق یہ ویلفیئر فنڈ جوڈیشل افسران کو صحت، حادثات، قدرتی آفات اور دیگر مالی ضروریات میں معاونت فراہم کرے گا، اس فنڈ کو خیبرپختونخوا جوڈیشل آفیسرز ویلفیئر فنڈ بل 2025 کا نام دیا گیا ہے، جس کے تحت ہر جوڈیشل افسر ماہانہ بنیاد پر مالی شراکت کرے گا۔
دستاویز میں مزید کہا گیا ہے کہ فنڈ کی نگرانی اور اس کے انتظامی معاملات کو مجوزہ بل کے تحت طے کیا جائے گا، جبکہ اسے قانونی حیثیت دینے کے لیے کابینہ سے بھی باضابطہ منظوری لی جائے گی۔
دوسری جانب لاہور ہائیکورٹ نے وزیراطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری کی جعلی ویڈیو کے خلاف دائر درخواست کو ایف آئی اے کی رپورٹ کی بنیاد پر نمٹا دیا۔
چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس عالیہ نیلم کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے درخواست کی سماعت کی، جہاں وفاقی حکومت کے وکیل اسد باجوہ نے ایف آئی اے کی رپورٹ پیش کی۔