مناوگت: پاکستان کی ٹینس ٹیم نے ترکیہ میں منعقدہ آئی ٹی ایف ماسٹرز ورلڈ چیمپئن شپ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کانسی کا تمغہ اپنے نام کر لیا۔
یہ ایونٹ ترکیہ کے شہر مناوگت میں منعقد ہوا، جہاں پاکستانی ٹیم نے پہلی بار شرکت کرتے ہوئے عالمی سطح پر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔ ٹیم کی قیادت کپتان اعصام الحق قریشی نے کی، جبکہ عقیل خان اور شہریار سلامت بھی اسکواڈ کا حصہ تھے۔
چیمپئن شپ میں 21 ممالک کی ٹیموں نے حصہ لیا، جہاں پاکستانی کھلاڑیوں نے گروپ مرحلے میں رومانیہ اور میزبان ترکیہ کو 3-0 سے شکست دے کر اپنی برتری ثابت کی۔
کوارٹر فائنل میں پاکستان نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے جمہوریہ چیک کو 2-1 سے ہرایا اور سیمی فائنل میں جگہ بنائی۔
سیمی فائنل میں فرانس کے خلاف سخت مقابلے میں، عقیل خان نے سنگلز میں شاندار کامیابی حاصل کی، لیکن پاکستان کو 2-1 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا، جہاں ڈبلز میچ میں فرانسیسی ٹیم کامیاب رہی۔
بعد ازاں، تیسری پوزیشن کے میچ میں پاکستان نے جرمنی کو 2-1 سے ہرایا اور کانسی کا تمغہ جیت لیا۔ پاکستانی کھلاڑی اب چیمپئن شپ کے دوسرے ہفتے میں انفرادی مقابلوں میں بھی شرکت کریں گے۔