لاہور، قومی کرکٹ ٹیم کے بیٹنگ کنسلٹنٹ اور سابق کرکٹر محمد یوسف نے اپنی بیٹی کی بیماری کے باعث دورہ نیوزی لینڈ میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق محمد یوسف نے اپنی بیٹی کی صحت کو مدنظر رکھتے ہوئے نیوزی لینڈ نہ جانے کا فیصلہ کیا اور اس حوالے سے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کو بھی آگاہ کر دیا ہے۔ ان کے متبادل کے طور پر کسی اور کو مقرر نہیں کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے محمد یوسف کو قومی ٹیم کا بیٹنگ کنسلٹنٹ مقرر کیا تھا۔
قومی ٹیم 12 مارچ کی صبح نیوزی لینڈ روانہ ہوگی، جہاں وہ میزبان ٹیم کے خلاف پانچ ٹی ٹوئنٹی اور تین ون ڈے میچز کھیلے گی۔
دوسری جانب 2018 کے ایشین گیمز میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والے فٹبالر محمد ریاض ان دنوں شدید مالی مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔
بیروزگاری کے باعث محمد ریاض جلیبیاں فروخت کرنے پر مجبور ہوگئے ہیں، انہوں نے طویل عرصے تک انتظار کیا کہ ادارہ جاتی کھیل بحال ہوں، مگر کوئی پیش رفت نہ ہوئی، جس کی وجہ سے انہیں یہ راستہ اپنانا پڑا۔