لاہور، گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان سے وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب کی ملاقات ہوئی، جس میں اقتصادی ترقی، درپیش چیلنجز اور زراعت کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) ملکی ترقی کے لیے یکجا ہیں، جبکہ سابقہ حکومت کی ناقص پالیسیوں کے باعث ملک کو شدید نقصان اٹھانا پڑا۔
انہوں نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی حکومت کی مثبت پالیسیوں میں اس کا بھرپور ساتھ دے گی، جبکہ معیشت کی بحالی میں وزیرِاعظم اور صدرِ پاکستان کا کردار لائقِ تحسین ہے۔
گورنر پنجاب نے اس بات پر زور دیا کہ گزشتہ سال شدید اقتصادی چیلنجز کے باوجود پاکستانی معیشت میں نمایاں بہتری دیکھنے میں آئی ہے۔
وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے گورنر پنجاب کے کاروباری برادری اور مقامی چیمبرز کے ساتھ قریبی روابط کو سراہتے ہوئے کہا کہ ملک کی معیشت کے استحکام میں نجی شعبہ، خاص طور پر کاروباری برادری، کلیدی حیثیت رکھتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ معیشت کو مستحکم اور پائیدار ترقی کی راہ پر ڈالنے میں وزیرِاعظم شہباز شریف کا کردار نہایت اہم ہے، اور ملکی ترقی کے لیے مضبوط معاشی بنیاد رکھ دی گئی ہے۔