نامور اداکارہ بشریٰ انصاری نے پاکستانی یوٹیوبرز، ٹک ٹاکرز اور سوشل میڈیا انفلوئنسرز کے مواد پر حیرت کا اظہار کرتے ہوئے انہیں ’عجیب مخلوق‘ قرار دے دیا۔
معروف اداکارہ بشریٰ انصاری نے پاکستانی یوٹیوبرز، ٹک ٹاکرز اور سوشل میڈیا انفلوئنسرز کے مواد پر حیرت کا اظہار کرتے ہوئے انہیں "عجیب مخلوق” قرار دیا۔
رمضان ٹرانسمیشن کے دوران گفتگو کرتے ہوئے بشریٰ انصاری نے کہا کہ انہیں ڈیلی ولاگرز کو دیکھ کر حیرت ہوتی ہے، لیکن اس سے بھی زیادہ تعجب ان کے ناظرین پر ہوتا ہے جو اس طرح کے مواد کو دیکھتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ ولاگرز کروڑوں روپے کما رہے ہیں، لیکن ان کے مواد کا معیار نہایت کمزور ہے اور ان میں بات چیت کے آداب بھی نہیں۔
بشریٰ انصاری نے مزید کہا کہ ہر کام سمجھداری سے ہونا چاہیے، لیکن موجودہ ڈیجیٹل مواد کو دیکھ کر ایسا لگتا ہے جیسے ہم کسی اور دنیا میں جی رہے ہیں اور اس نئی نسل سے ہمارا کوئی تعلق نہیں۔
انہوں نے یوٹیوبرز اور ٹک ٹاکرز کی بے تحاشہ کمائی پر بھی حیرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ سن رہی ہیں کہ کچھ انفلوئنسرز اربوں روپے کما رہے ہیں، مگر یہ کون لوگ ہیں اور کون ان کا مواد دیکھتا ہے، یہ سمجھ سے باہر ہے۔
اداکارہ نے سوشل میڈیا انفلوئنسرز کی پرتعیش طرز زندگی اور شاہانہ شادیوں پر بھی تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ان کی غیر معمولی مقبولیت اور بے پناہ فین فالوونگ دیکھ کر وہ حیران رہ جاتی ہیں۔