کوئٹہ،گیس لیکیج کی وجہ سے دھماکے سے خاتون سمیت 2 افراد جاں بحق ہوگئے۔
پولیس حکام کا بتانا ہے کہ صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ کے علاقے پشتون آباد میں گیس لیکیج کے باعث دھماکا ہوا جس میں خاتون سمیت 2 افراد جان سے چلے گئے جبکہ 5 زخمی ہوئے ہیں۔
حکام کے مطابق نعشوں اور زخمیوں کو سول ہسپتال منتقل کر دیا گیا، ضروری کارروائی کے بعد نعشیں لواحقین کے حوالے کر دی گئیں، زخمیوں میں بچے بھی شامل ہیں۔
لواحقین نے کہا کہ دھماکا گیس لوڈ شیڈنگ کے باعث رات 3 بجے ہوا، دھماکے کے نتیجے میں مکان کو شدید نقصان پہنچا۔
دوسری جانب کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) کی جانب سے کارروائی کرتے ہوئے لاہور کو بڑی تباہی سے بچا لیا گیا۔
سی ٹی ڈی پنجاب کی جانب سے مختلف انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کےد وران لاہور سے 2 فتنہ الخوارج سمیت پنجاب کےمختلف شہروں سے 20 دہشتگردوں کو گرفتار کرلیا گیا۔
ترجمان سی ٹی ڈی کا بتانا ہے کہ دہشت گردی کے خدشات کے پیش نظر سی ٹی ڈی نے پنجاب کے مختلف شہروں میں 162 انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کیے، کارروائیاں لاہور، فیصل آباد، خانیوال، بہاول نگر، راولپنڈی، چنیوٹ، میانوالی، ساہیوال، شیخوپورہ، سیالکوٹ، بہاولپور اور حافظ آباد میں کی گئیں۔