پشاور، پی ٹی آئی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم کا کہنا ہے کہ سربراہ جے یو آئی (ف) مولانا فضل الرحمان کے ساتھ معاملات بہتری کی طرف جارہے ہیں۔
پشاور میں گفتگو کے دوران شیخ وقاص اکرم کا کہنا ہے کہ تمام اپوزیشن جماعتیں اکٹھے چلیں گی توحکومت کو گھر چھوڑ آئیں گے، بانی پی ٹی آئی عمران خان کےکہنے پر مولانا فضل الرحمان کےساتھ رابطے میں ہیں۔
شیخ وقاص اکرم کا کہنا ہے کہ بدقسمتی سے 26 ویں آئینی ترمیم پرمولانا فضل الرحمان کو قائل نہیں کرسکے، 26 ویں ترمیم پر مولانا سے رابطوں سے ڈرافٹ بہتر ہوگیا، میں سمجھتا ہوں سربراہ جے یو آئی (ف) کیساتھ معاملات بہتری کی طرف جارہے ہیں۔
سیکرٹری اطلاعات پی ٹی آئی نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کا بیان دیکھا ہے، وہ کہہ رہے تھےکہ کچھ لوگ تحریک انصاف اور جے یو آئی میں فاصلے بڑھانا چاہتے ہیں۔
شیخ وقاص نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی مرضی کے بغیرخیبرپختونخوا کابینہ میں ردوبدل نہیں ہوسکتی۔
دوسری جانب وزیراطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا کہ پنجاب حکومت کو1 سال مکمل ہوا، وزیراعلیٰ مریم نواز کی حکومت کا ایک بھی منصوبہ ادھورا نہیں ہے، کوئی بھی منصوبہ ایسا نہیں کہ کہا جارہا ہو شرو ع کریں گے، ہر منصوبے کا بتانے کیلئے دروازے پر دستک نہیں دی جاتی۔