ناروے کی سی فوڈ کمپنی کی ہزاروں سالمن مچھلیاں ایک فش فارم سے غائب ہوگئیں، جسکی بنا پر فوڈ کمپنی نے لوگوں کو ایک دلچسپ پیشکش کردی۔
کمپنی کی جانب سے اعلان کیا گیا کہ ہر ایک مفرور مچھلی کو پکڑنے پر آپ کو 45 ڈالرز (12 ہزار 500 روپے سے زائد) کا انعام دیا جائے گا۔
Mowi نامی کمپنی کے مطابق اس کے فش فارم سے ایک لاکھ 5 ہزار مچھلیاں فرار ہوکر شمال مغربی ناروے کے کھلے پانیوں میں داخل ہوگئی تھیں۔
کمپنی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق فش فارم کو کھلے پانیوں سے الگ رکھنے کے لیے لگائی گئی رکاوٹوں کو طوفانی موسم کے باعث نقصان پہنچا تھا۔
کمپنی کے مطابق ملک بھر میں کوئی بھی اگر کسی مفرور مچھلی کو پکڑ کر دے گا تو فی مچھلی 45 ڈالرز دیے جائیں گے۔
نارویجن حکام کا بتانا ہے کہ کمپنیوں کی جانب سے عموماً مچھلیوں کو پکڑنے کے اس طرح کے آپریشنز کی اجازت ان کے فش فارمز سے ملحق 1640 فٹ کے علاقے میں دی جاتی ہے، مگر Mowi کو وسیع پیمانے پر آپریشن کی اجازت دی گئی ہے کیونکہ مچھلیوں کی تعداد بہت زیادہ ہے۔
ماہرین کا بتانا ہے کہ فارم سے فرار ہونے والی مچھلیاں اس خطے کے پانیوں میں موجود جنگلی سالمن کے لیے خطرہ ثابت ہوسکتی ہیں۔