کراچی، سینئر وزیرسندھ اور پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما شرجیل انعام میمن کا کہنا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی آئین کی بالادستی پر یقین رکھتی ہے۔
اپنے ایک بیان میں شرجیل انعام میمن کا کہنا ہے کہ آئین بنانا اور قانون سازی کرنا پارلیمنٹ کی ذمہ داری ہے، آئین پاکستان کے مطابق پارلیمنٹ سب سے سپریم ادارہ ہے، بلاول بھٹو واضح کرچکے پاکستان پیپلز پارٹی آئین کا تحفظ کرے گی۔
سینئر صوبائی وزیر کا کہنا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی پاکستان میں آئین کی بالادستی پر یقین رکھتی ہے، پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار صدر زرداری نے صدارتی اختیارات پارلیمنٹ کو منتقل کیے۔
شرجیل میمن نے کہا کہ جمہوریت کے استحکام اور پارلیمنٹ کی مضبوطی کے لیے جدوجہد پیپلز پارٹی کی تاریخ رہی ہے، ملک کے ہر ادارے کی ذمہ داری ہے کہ پارلیمنٹ کے منظور شدہ آئین کی پاسداری کرے۔
دوسری جانب چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہا کہ سپریم کورٹ کے سامنے احتجاج سے متعلق مقدمے میں پیش ہوئے، کئی وکلا پر دہشتگردی کے مقدمات ہوئے، جج صاحب نے کہا امید ہے آئندہ تاریخ پر کیس ختم ہوجائے گا۔