وفاقی حکومت نے یوٹیلٹی اسٹورز کارپوریشن کے آپریشنز بند کرنے اور اثاثے حفاظتی تحویل میں لینے کی تیاری شروع کر دی ہے۔
وفاقی حکومت نے سبسڈی بند کرنے کے بعد یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن کے آپریشنز معطل کرنے اور اثاثے حکومتی تحویل میں لینے کی تیاری شروع کر دی ہے۔
ڈان نیوز کے مطابق، وفاقی کابینہ نے یوٹیلیٹی اسٹورز کے آپریشنز بند کرنے کے لیے ایک 7 رکنی کمیٹی تشکیل دی ہے، جس کی سربراہی وفاقی وزیر صنعت و پیداوار کریں گے۔ کمیٹی میں وزیر مملکت خزانہ و ریونیو، وزیر مملکت آئی ٹی، وفاقی سیکریٹری خزانہ، سیکریٹری صنعت و پیداوار، سیکریٹری نجکاری، اور سیکریٹری بی آئی ایس پی شامل ہیں۔ کمیٹی کا کام یوٹیلیٹی اسٹورز کے فوری آپریشنز بند کرنے کے طریقہ کار کا تعین کرنا، پراپرٹی اور اثاثوں کی حفاظت و دیکھ بھال کے لیے حکمت عملی بنانا، اور ملازمین کو دیگر حکومتی اداروں میں ضم کرنے کا جائزہ لینا ہوگا۔
کمیٹی رمضان پیکیج کی فراہمی کے لیے بی آئی ایس پی کے ساتھ مربوط حکمت عملی بھی تیار کرے گی۔ کمیٹی کو اپنی رپورٹ 7 روز کے اندر وفاقی کابینہ کو پیش کرنی ہوگی۔
ذرائع کے مطابق، آپریشنز بند ہونے کے بعد یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن مزید خرید و فروخت نہیں کر سکے گی۔ یہ واضح رہے کہ اگست 2024 میں حکومت نے وزیر اعظم ریلیف پیکج کے تحت فراہم کی جانے والی سبسڈی روک دی تھی اور کارپوریشن کو نجکاری پروگرام کا حصہ بنایا گیا تھا۔ موجودہ حکومت نے یوٹیلیٹی اسٹورز کو 5 سالہ نجکاری پروگرام کی فہرست میں شامل کیا ہوا ہے۔