اسلام آباد:ایف آئی اے کی جانب سے مریم نواز کی شیخ محمد بن زاید کیساتھ ملاقات کی جعلی ویڈیو بنانے کے الزام میں پانچ افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔
ایف آئی اے کی جانب سے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان کے ساتھ ملاقات کی آرٹیفیشل انٹیلیجنس (اے آئی) سے تیار کردہ جعلی ویڈیو بنانے اور سوشل میڈیا پر وائرل کرنے کے الزام میں 5 افراد کو گرفتار کر لیاگیا۔
ایف آئی اے کے سائبر کرائم سیل کی جانب سے فیصل آباد، لاہور، گوجرانوالہ اور ملتان سے ملزمان کو گرفتار کیاگیا ۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ اس کارروائی کے دوران مزید گرفتاریوں کا امکان ظاہر کیا گیا ہے اور تحقیقات کا دائرہ بڑھایا جا رہا ہے،ملزمان کے خلاف سائبر کرائم ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا جائے گا۔
ایف آئی اے ذرائع کے مطابق یہ کارروائی شاہد شریف کی شکایت پر فیصل آباد میں انکوائری نمبر 169 کے تحت شروع کی گئی تھی، جس کے بعد ملزم شہزاد منور کے خلاف مقدمہ نمبر 7/24 درج کیا گیا۔
ملزم شہزاد منور غیر ملکیوں کے خلاف اے آئی کے ذریعے تیار کردہ توہین آمیز مواد کو سوشل میڈیا پر شیئر کرنے میں ملوث ہے۔
تحقیقات کے مطابق، اس جعلی ویڈیو کا مقصد پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے مابین سفارتی تعلقات کو خراب کرنا تھا، جس میں پاکستانی معززین اور سیاسی کارکنان کو بدنام کرنے کی کوشش کی گئی تھی۔