مسلم لیگ ن کے صدر میاں محمد نواز شریف کا کہنا ہے کہ ہمیں خراب تعلقات کو بہتر کرنے کی ضرورت ہے، چیمپئنز ٹرافی کیلئے بھارتی کرکٹ ٹیم کو پاکستان لازمی آنا چاہیے تھا۔
لندن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ بھارت کے ساتھ ماضی کے تعلقات کو درست سمت میں لے جانے کی ضرورت ہے، اچھی بات ہوتی اگر بھارتی ٹیم پاکستان آکر کھیلتی اور مجھے امید ہے یہ وقت جلد دوبارہ آئے گا۔
ملکی معیشت کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف معیشت کی بحالی کیلئے اچھے اقدامات کررہے ہیں، ملک میں مہنگائی میں مسلسل کمی ہو رہی ہے۔
سابق وزیر اعظم کا مزید کہنا تھا کہ ایک پارٹی نے بدتمیزی کے کلچر کی بنیاد رکھی، گاڑیوں کے پیچھے بھاگنا اور دوسری جماعتوں کے لیڈران کا تعاقب کرنا ان پر ٹماٹر اور انڈے پھینکنا افسوسناک امر ہے۔
اگر انکی قسمت میں احتجاج لکھا ہے تو پھر اچھے طریقے سے کرنا چاہیے لیکن انہوں نے نوجوان لڑکوں کو لگایا ہے کہ وہ گاڑیوں کے پیچھے بھاگیں اور گندے نعرے لگائیں۔
دوسری جانب آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے لیے بھارتی میڈیا کی جانب سے نیا شوشہ چھوڑ دیا گیا۔
بھارتی میڈیا کی جانب سے یہ دعویٰ کیا جارہا ہے کہ ہائبرڈ ماڈل سے انکار پر آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی جنوبی افریقا منتقل کردی جائے گی۔