جنرل سیکرٹری عوام پاکستان پارٹی مفتاح اسماعیل کا کہنا ہے کہ سابق چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ اور ثاقب نثار دونوں کی جانب سے غلط فیصلے کیے گئے اور آئینی حدود سے تجاوز کیا گیا۔
کراچی کے نجی انسٹیٹیوٹ میں ”پاکستان کا مستقبل، معیشت اور سیاست“ کے عنوان سے سیمینار کے دوران مفتاح اسماعیل نے کہا کہ وہ سمجھتے ہیں کہ پارلیمان کے پاس یہ اختیار نہیں ہونا چاہیے کہ وہ عدلیہ کی کارکردگی چیک کرسکے۔
سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کا کہنا ہے کہ پاکستان کی معیشت کو متعدد مسائل کا سامنا ہے، مگر بجلی کے مسئلے نے معیشت کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے۔
سابق وزیر خزانہ کا کہنا ہے کہ پاکستان میں نئی نسل کے پاس وہ مواقع نہیں جو ہمارے پاس تھے، پاکستان میں ایلیٹ کلچر ہے۔
مفتاح اسماعیل نے کہا کہ پاک فوج ایک حقیقت ہے، اس کے ساتھ کام کریں گے مگر اس کی نوکری نہیں کریں گے۔
دوسری جانب وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے لندن میں سابق چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ کی گاڑی پر حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے پاکستان ہائی کمیشن کے حکام کو فوری تحقیقات کا حکم دیدیا۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے لندن میں سابق چیف جسٹس آف پاکستان قاضی فائز عیسیٰ کی گاڑی پر ہونے والے حملے کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے اور پاکستان ہائی کمیشن کے حکام کو فوری تحقیقات کا حکم دیا ہے۔ وزیر داخلہ نے اپنے بیان میں کہا کہ لندن میں قاضی فائز عیسیٰ اور پاکستانی ہائی کمیشن کی گاڑی پر حملہ ناقابل قبول ہے۔