واشنگٹن، امریکیوں کی اکثریت کی جانب سے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے غزہ منصوبے کی مخالفت کردی گئی۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق حالیہ سروے میں امریکیوں سے غزہ پر قبضہ کرنے اور فلسطینیوں کو بے دخل کرنے کے صدر ٹرمپ کے منصوبے سے متعلق رائے پوچھی گئی۔
سروے میں شامل ڈیموکریٹ ووٹرز میں سے 88 فیصد نے اس منصوبے کی مخالفت کی جبکہ 9 فیصد نے اس کی حمایت کی۔
دوسری جانب ری پبلکن ووٹرز میں سے 46 نے اس منصوبے کی مخالفت کی جبکہ 50 فیصد نے اس کی حمایت کی۔
مجموعی طور پر سروے میں شامل 68 فیصد امریکیوں کی جانب سے ٹرمپ کے غزہ منصوبے کی مخالفت کی گئی جبکہ صرف 25 فیصد نے اس کی حمایت کی۔
دوسری جانب اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کی جانب سے حماس کے رہا کیے جانیوالے 6 یرغمالیوں کے بدلے فلسطینی قیدیوں کی طے شدہ رہائی کو مؤخر کرنے پر حماس کا ردعمل سامنے آگیا۔
اسرائیلی وزیراعظم آفس کے جاری کردہ بیان کے مطابق حماس کی طرف سے بار بار کی جانیوالی خلاف ورزیوں ،جس میں ہمارے قیدیوں کی عزت کو مجروح کرنیوالی تقریبات اور پروپیگنڈے کے لیے ان کا مذموم سیاسی استعمال بھی شامل ہے، ان کی وجہ سے قیدیوں کی رہائی کو مؤخر کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔