چیمپئنز ٹرافی فائنل: 252 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بھارتی بیٹنگ جاری

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

 

latest urdu news

آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے فائنل میں نیوزی لینڈ کی جانب سے دیے گئے 252 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بھارتی ٹیم کی بیٹنگ جاری ہے۔

دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے اس مقابلے میں نیوزی لینڈ کے کپتان مچل سینٹنر نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، اور کیوی ٹیم نے مقررہ 50 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 251 رنز بنائے۔

نیوزی لینڈ کو پہلا نقصان 57 کے مجموعی اسکور پر وِل ینگ کی صورت میں اٹھانا پڑا، جنہیں ورون چکرورتھی نے آؤٹ کیا۔ 69 کے اسکور پر اوپنر رچن رویندرا کلدیپ یادیو کی گیند پر پویلین لوٹے، جبکہ 75 کے مجموعے پر کلدیپ یادیو نے کین ولیمسن کو بھی آؤٹ کر دیا۔

ٹام لیتھم 165 کے اسکور پر رویندرا جڈیجا کا شکار بنے، جبکہ گلین فلپس 34 رنز بنا کر ورون چکرورتھی کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔

ڈیرل مچل نے 63 رنز کی اننگز کھیلی اور 211 کے مجموعے پر محمد شامی کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔ کپتان مچل سینٹنر 8 رنز بنا کر 239 کے اسکور پر رن آؤٹ ہوئے۔

ٹاس کے موقع پر مچل سینٹنر نے بتایا کہ میٹ ہینری انجری کے باعث فائنل نہیں کھیل رہے، ان کی جگہ نیتھن اسمتھ کو شامل کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ توقعات کے مطابق بھارتی شائقین کی بڑی تعداد اسٹیڈیم میں موجود ہے، وکٹ اچھی لگ رہی ہے، اور پچ پچھلے میچ جیسی ہی دکھائی دے رہی ہے۔

بھارتی کپتان روہت شرما کا کہنا تھا کہ نیوزی لینڈ ایک مضبوط ٹیم ہے، اور دوسری اننگز میں بیٹنگ کرنا ہمارے لیے مسئلہ نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی اور ہمارا فوکس اچھا کھیلنے پر ہے۔

واضح رہے کہ بھارت اور نیوزی لینڈ 25 سال بعد چیمپئنز ٹرافی کے فائنل میں آمنے سامنے ہیں، 25 سال قبل نیروبی میں ہونے والے فائنل میں نیوزی لینڈ نے کرس کینز کی شاندار سنچری کی بدولت بھارت کو 4 وکٹوں سے شکست دی تھی۔

یاد رہے کہ بھارت پانچویں جبکہ نیوزی لینڈ تیسری بار چیمپئنز ٹرافی کا فائنل کھیل رہا ہے۔

شیئر کریں:
frontpage hit counter