وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نوازکا کہنا تھا پی ٹی آئی نہ سیاسی جماعت ہے، نہ تھی اور نہ ہوسکتی ہے ، میں ہمیشہ سے کہتی تھی ،آج دنیا کے سامنے حقیقت واضح ہوچکی ہے ۔
مریم نواز نے سوشل میڈیا پر بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف ایک دہشت گرد جماعت ہے، جو بار بار اپنے ہی ملک پر حملہ آور ہوتی ہے،اسٹیٹ ان کے ساتھ وہی سلوک کرے گی جو دہشت گردوں کے ساتھ کیا جاتا ہے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کے بھیس میں تحریک انتشار کا واحد مقصد پاکستان میں آگ لگانا ہے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی جانب سے ایکس پر اپنے بیان میں زخمی پولیس اہلکار کی تصویر بھی جاری کی گئی اور کہا گیا کہ کانسٹیبل بلال لاہور میں تحریک انتشار کے وکلا کے پتھراؤ سے زخمی ہوئے ، کیا ایسی حرکات کوئی سیاسی جماعت کرسکتی ہے ۔
یاد رہے کہ وزیر اعلیٰ کے پی ، علی امین گنڈاپور کےساتھ آئے پی ٹی آئی کے کارکنان کی جانب سے ڈی چوک تک پہنچنے کی کوشش کی گئی تاہم پولیس کی جانب سے شیلنگ کرکے مظاہرین کو پیچھے دھکیل دیا گیاجبکہ پی ٹی آئی مظاہرین نے بھی پولیس پر شیلنگ کی۔