پشاور، وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور 8 گھنٹے مسلسل غائب رہنے کے بعد منظر عام پر آگئے اور ان سے رابطے بھی بحال ہوگئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور رات دیر گئے شہر اقتدار اسلام آباد سے پشاور کیلئے روانہ ہوگئے تھے۔
رکن قومی اسمبلی و رہنما پی ٹی آئی شاہد خٹک کی جانب سے علی امین گنڈاپور کے واپس پشاور پہنچنے کی تصدیق کردی گئی ہے۔
اس سے پہلے مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر سیف کی جانب سے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی گرفتاری کا خدشہ ظاہر کیا گیا تھا۔
تاہم سربراہ سنی اتحاد کونسل صاحبزادہ حامد رضا کی جانب سے علی امین کی گرفتاری کی تردید کرتے ہوئے یہ دعویٰ کیا گیا تھا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کو گرفتار نہیں کیا گیا وہ محفوظ ہیں۔
واضح رہے کہ اسلام آباد کے تھانہ سنگجانی میں جلسہ ضوابط کی خلاف ورزی اور ریاست مخالف تقاریر پر وزیراعلیٰ کے پی علی امین گنڈاپور کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے، درج مقدمے میں ضلعی آفسر کو حبس بیجا میں رکھنے کی دفعات بھی شامل کی گئیں ہیں۔
پولیس نے گزشتہ روز اسلام آباد میں کارروائی کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر، شعیب شاہین، شیر افضل مروت، صاحبزادہ حامد رضا اور زین قریشی کو حراست میں لے لیا تھا۔