اسلام آباد میں اتوار کو منعقدہ پی ٹی آئی کے جلسے کی سیکیورٹی پر پولیس کو کروڑوں روپے کا خرچہ آیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق کنٹینرز کے بل کی مد میں 10 کروڑ روپے سے زائد کی رقم ادا کی گئی ہے۔ یہ اخراجات کنٹینرز اور پولیس کے کھانے کی مد میں کیے گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق 20 اگست کو اسلام آباد میں 150 کنٹینرز پہنچائے گئے تھے، یکم ستمبر کو مزید 100 کنٹینرز رکھے گئے، جبکہ 7 ستمبر کی رات 205 مزید کنٹینرز اسلام آباد میں پہنچائے گئے تھے۔
جلسے کے دوران اسلام آباد پولیس کے اہلکاروں کو دو وقت کا کھانا فراہم کیا گیا، جس کی مد میں 25 لاکھ روپے خرچ ہوئے۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ اسلام آباد میں فی الحال 400 سے زائد کنٹینرز موجود ہیں، اور سیاسی سرگرمیاں ختم ہونے کے باوجود یہ کنٹینرز مکمل طور پر نہیں اٹھائے گئے ہیں۔
دوسری جانب گزشتہ دنوں لاپتا ہونے والے فیضان عثمان کے والد ڈاکٹر عثمان خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس‘ (سابق ٹویئٹر) پر اپنے بیٹے فیضان کی واپسی کی تصدیق کرتے ہو کہنا تھا کہ اللّہ کا شکر ہے میرا پیارا بیٹا فیضان عثمان خیریت سے گھر پہنچ گیا ہے، میرے پاس پوری قوم اور ساتھ دینے والوں کا شکریہ ادا کرنے کیلئے الفاظ نہیں ہیں۔
اس سے ایک روز قبل عدالت نے آئی جی اسلام آباد کو مغوی عثمان فیضان کا فون نمبر اور گاڑی ٹریس کرنے کی ہدایت دی تھی۔