پنجاب کی سینیئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ 9 مئی کا مجرم ان ہی غلیظ بیانات کے باعث علی امین گنڈاپور کے ساتھ کھڑا ہے۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور کے صحافیوں کو دھمکانے اور خاتون صحافیوں کیلئے غلیظ زبان استعمال کرنے کے معاملے پر رد عمل دیتے ہوئے مریم اورنگزیب نے یہ سوال کیا کہ کیا بدمعاش غنڈے اور سڑک چھاپ اپنے گھروں میں اپنی بہنوں سے اسی طرح سے بات کرتے ہیں؟
مریم اورنگ زیب نے وزیراعلیٰ کے پی، علی امین گنڈاپور سے پوچھا کیا غیرت مند پٹھان اپنی ماؤں بہنوں اور بیٹیوں سے اس طرح مخاطب ہوتے ہیں؟
مریم اورنگزیب کا یہ کہنا تھا کہ سابق وزیراعظم عمران خان نے اِس طرح کے لوگوں کو پروان چڑھایا ہے، یہ ہے 9 مئی کے مجرموں کی اصلیت ہے۔
مریم اورنگزیب کا یہ کہنا تھا کہ اسی غلیظ ذہنیت نے ملک اور سیاست کو گندا کیا ہے، یہی غلیظ ذہنیت نوجوان نسل کو گمراہ کرنا چاہتی ہے، جو اِس گھٹیا ذہنیت کو سپورٹ کریں وہ بھی ایسے ہی ہیں۔
سینئر صوبائی وزیر کا یہ کہنا تھا کہ ان ہی غلیظ بیانات کے باعث 9 مئی کا مجرم کہتا ہے کہ میں امین گنڈا پور کے ساتھ کھڑا ہوں، یہ لوگ معاشرے کی غلاظت کے ذمہ دار ہیں۔
یادرہے کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے پی ٹی آئی کے سنگ جانی کے جلسے میں خطاب کرتے ہوئے اختلاف رکھنے والے صحافیوں کو کھلی دھمکیاں دیں اور خاتون صحافیوں کیلئے بھی غلیظ زبان استعمال کی تھی۔