وزیر دفاع خواجہ آصف کی جانب سے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کو چیلنج کرتے ہوئے یہ کہا گیا ہے کہ 15 دن میں عمران خان کو رہا کرا کر دکھانا۔
خواجہ آصف نے اپنے ایک بیان میں وزیراعلیٰ پختونخوا کی جانب سے گزشتہ روز کی گئی تقریر پر ردِ عمل دیا، علی امین گنڈاپور نے اپنی تقریر میں بنگلہ دیش کا حوالہ دیا اور پشتونوں کا لشکر لے کر پنجاب پر حملہ آور ہونے کی دھمکی دی گئی۔
وزیردفاع کا یہ کہنا تھا کہ اس شخص سے اپنے حلقے میں امن قائم نہیں ہورہا، اگر علی امین گنڈا پور کے پاس اتنے لشکر ہیں تو یہ دہشت گردی کنٹرول کر لے یا پھر یہ مان لے کہ یہ دہشت گردوں کے حلیف ہیں۔
خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ علی امین گنڈا پور کو اپنی تقریر میں یہ بھی بتانا چاہیے تھا کہ وہ پہلی بار شہباز شریف کو ملنے کس کی ہدایت پر آئے تھے، علی امین گنڈاپور جلسے میں رنگ بازی کرتے ہیں۔
خواجہ آصف کا یہ کہنا تھا کہ علی امین گنڈاپور کو چیلنج دیا گیا ہے کہ اپنے الفاظ پہ قائم رہنا اور 15 دن میں اپنے لیڈر کو رہا کرا کر دکھانا۔
واضح رہے کہ علی امین گنڈاپور نے گزشتہ روز پی ٹی آئی جلسے سے خطاب کے دوران یہ کہا کہ اگر سابق وزیراعظم عمران خان کو 15 دن میں نہ چھوڑا گیا تو خود رہا کرائیں گے۔