گوجرانوالہ،فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) نے مراکش کشتی حادثے میں ملوث ایک اشتہاری انسانی اسمگلر کو گرفتار کر لیا ہے۔
ایف آئی اے ترجمان کے مطابق ملک بھر میں کشتی حادثات میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں، اس سلسلے میں گوجرانوالہ زون کی ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے انسانی اسمگلر وقار ظفر اقبال کو گرفتار کیا۔
ترجمان کے مطابق ملزم نے اپنے دیگر ساتھیوں کے ساتھ مل کر متعدد افراد کو غیر قانونی طور پر سپین بھیجنے کی کوشش کی، شہریوں کو پہلے ایتھوپیا، سینیگال اور موریطانیہ کے راستے سپین پہنچانے کی منصوبہ بندی کی گئی۔
بعد ازاں انہیں کشتی کے ذریعے یورپ اسمگل کرنے کی کوشش کی گئی،بدقسمتی سے کشتی مالٹا کے قریب حادثے کا شکار ہوگئی جس کے نتیجے میں ایک شہری جاں بحق ہوا۔
ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ ملزم اور اس کے ساتھیوں نے متاثرہ خاندانوں سے مجموعی طور پر 2 کروڑ 10 لاکھ روپے وصول کیے تھے۔
ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور تفتیش کا عمل جاری ہے، جس کے دوران مزید گرفتاریاں متوقع ہیں۔