بدھ, 23 اپریل , 2025

پاکستان ریلوے کی ٹرینوں میں صفائی کی صورتحال پر مسافروں کا اظہارِ تشویش

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

 

latest urdu news

پاکستان ریلوے کی ٹرینوں میں صفائی کے انتظامات ایک بار پھر تنقید کی زد میں آ گئے ہیں، جہاں مہنگی ٹکٹوں کے باوجود مسافروں کو صفائی کے ناقص حالات اور کیڑے مکوڑوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

ذرائع کے مطابق ریلوے انتظامیہ کے صفائی کے دعوؤں کے باوجود کراچی ایکسپریس سمیت کئی ٹرینوں کی بوگیوں میں گندگی اور رینگتے ہوئے کیڑوں کی موجودگی نے مسافروں کی پریشانیوں میں اضافہ کر دیا ہے۔

مسافروں نے شکایت کی ہے کہ اے سی سلیپر جیسی مہنگی اور نسبتاً آرام دہ کلاسوں میں بھی صفائی کے مناسب انتظامات نہیں، جو کہ نہ صرف تکلیف دہ بلکہ صحت کے لیے بھی خطرناک ثابت ہو سکتے ہیں۔

ایک مسافر نے کہاکہ ہم بھاری رقم ادا کر کے سفر کرتے ہیں، مگر سہولیات کا معیار انتہائی مایوس کن ہے، بوگیوں میں جگہ جگہ کیڑے رینگتے نظر آتے ہیں اور صفائی کا کوئی خاطر خواہ بندوبست نظر نہیں آتا۔

مسافروں نے وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی سے اپیل کی ہے کہ وہ اس سنگین مسئلے کا فوری نوٹس لیں اور صفائی کے نظام کو بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ ٹرینوں میں باقاعدگی سے کیڑے مار ادویات کا اسپرے کروائیں تاکہ مسافر ایک محفوظ اور آرام دہ سفر سے لطف اندوز ہو سکیں۔

 

شیئر کریں:
frontpage hit counter