بدھ, 23 اپریل , 2025

وزیراعلیٰ مریم نواز کی ترک نائب صدر سے ملاقات، تعلیم و معیشت میں اشتراک بڑھانے پر اتفاق

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

 

latest urdu news

انطالیہ،وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے ترکیہ کے نائب صدر جودت یلماز سے ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک کے درمیان تعلیم اور معیشت کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا۔

یہ ملاقات ڈپلومیسی فورم 2025 کے دوران سائیڈ لائنز پر ہوئی، جہاں نائب صدر جودت یلماز نے وزیر اعلیٰ پنجاب کا فورم میں شرکت پر شکریہ ادا کیا، ملاقات میں باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، جن میں تجارت، ہنرمندی، تعلیم اور معاشی ترقی نمایاں موضوعات رہے۔

دونوں رہنماؤں نے تعلیمی منصوبوں اور معاشی اشتراک کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا، وزیر اعلیٰ نے نائب صدر کو پنجاب کے دورے کی دعوت بھی دی۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ پاکستان اور ترکیہ نہ صرف قریبی دوست بلکہ بھائیوں کی طرح ہیں۔ ملاقات میں ہنر مند افرادی قوت، گلوبل اسکل میپنگ اور مشترکہ ترقیاتی پروگرامز پر بھی بات چیت کی گئی، وزیر اعلیٰ نے ترکیہ کے نائب صدر کو پنجاب میں تعلیم اور ہنر سے متعلق جاری منصوبوں سے بھی آگاہ کیا۔

اس موقع پر مریم نواز نے ترکیہ کے نائب صدر کو سابق وزیراعظم نواز شریف اور وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے نیک خواہشات کا پیغام بھی پہنچایا۔

 

شیئر کریں:
frontpage hit counter