پشاور،انسپکٹر جنرل خیبرپختونخوا پولیس ذوالفقار حمید نے کہا ہے کہ دارالعلوم حقانیہ اکوڑہ خٹک اور بنوں کینٹ حملوں میں ملوث نیٹ ورک کا پتہ چلا لیا گیا ہے۔
اپنے بیان میں آئی جی کے پی نے بتایا کہ دونوں حملوں سے متعلق اہم شواہد اکٹھے کر لیے گئے ہیں اور کئی مشتبہ افراد کو حراست میں لیا گیا ہے، مزید گرفتاریاں متوقع ہیں، جن کے بعد تفصیلات میڈیا کے ساتھ شیئر کی جائیں گی۔
یاد رہے کہ نوشہرہ کے علاقے اکوڑہ خٹک میں دارالعلوم حقانیہ پر خودکش حملے میں جے یو آئی (س) کے سربراہ مولانا حامد الحق سمیت 6 افراد شہید ہوئے تھے، جبکہ بنوں کینٹ پر حملے کے دوران سیکیورٹی فورسز نے 16 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا تھا، جن میں سے 2 افغان شہری بھی شامل تھے، اس کارروائی میں فورسز کے 6 جوان بھی شہید ہوئے تھے۔
دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے ایران کے علاقے مہرستان، صوبہ سیستان میں 8 پاکستانی شہریوں کے بہیمانہ قتل پر گہرے رنج و غم اور تشویش کا اظہار کیا ہے۔
اپنے بیان میں وزیراعظم نے جاں بحق افراد کے اہلِ خانہ سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے مرحومین کی مغفرت اور ان کے لواحقین کے لیے صبر کی دعا کی۔