پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما عاطف خان نے کہا ہے کہ اگر پارٹی کے بانی نے ہمارے بارے میں کوئی بیان دیا ہے تو اس کی تصدیق ضروری ہے۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کے حالیہ سوشل میڈیا انٹرویو کے بعد پی ٹی آئی میں ایک بار پھر اختلافات کی فضا بن گئی ہے، شہرام ترکئی کے بعد اب عاطف خان نے بھی وزیراعلیٰ کے متنازع بیان پر تشویش کا اظہار کیا ہے اور اس کی جانچ کا مطالبہ کیا ہے۔
عاطف خان کا کہنا تھا کہ اگر گنڈاپور کو مجھ سے ذاتی اختلاف ہے تو وہ الگ بات ہے، مگر پارٹی کے سینئر رہنماؤں جیسے اسد قیصر اور شکیل خان کے خلاف اس طرح کی گفتگو مناسب نہیں تھی۔
انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ کو اپنی توجہ صوبے کی حکمرانی اور امن و امان کی بہتری پر مرکوز رکھنی چاہیے، اور پارٹی کے بانی کی رہائی کی کوششوں کو نقصان نہیں پہنچانا چاہیے، اگر واقعی عمران خان نے ہمارے بارے میں کچھ کہا ہے، تو اس کی مکمل تصدیق کی جانی چاہیے۔
یاد رہے کہ ایک روز قبل شہرام ترکئی نے بھی مرکزی قیادت سے گنڈاپور کے بیان کی تحقیقات کا مطالبہ کیا تھا، ان کا کہنا تھا کہ ایسے ریمارکس سے پارٹی کے بانی کی جدوجہد کو دھچکا لگ سکتا ہے،انہوں نے وزیراعلیٰ کو مشورہ دیا تھا کہ وہ اپنی توانائیاں گڈ گورننس اور امن و امان کی بحالی پر صرف کریں۔
شہرام ترکئی کے مطابق، گنڈاپور نے اپنے بیان میں پارٹی کے بعض سینئر رہنماؤں پر سازشوں میں ملوث ہونے کا الزام عائد کیا تھا۔