بدھ, 23 اپریل , 2025

خواجہ آصف نے عوام کو بجٹ میں مزید ریلیف کی نوید سنا دی

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

 

latest urdu news

وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ آئندہ بجٹ میں عوام کے لیے مزید اچھی خبریں متوقع ہیں۔

سیالکوٹ میں پارٹی کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ ہمیں ایک تباہ حال ملک ملا تھا، جس کی بحالی کے لیے ہم نے محنت سے کام کیا، وزیراعظم شہباز شریف نے عالمی مالیاتی اداروں اور دوست ممالک سے تعاون کے لیے دن رات ایک کیا، ہر رات یہی فکر ہوتی تھی کہ کیا آئی ایم ایف ہماری مدد کرے گا یا نہیں۔

انہوں نے کہا کہ ماضی میں کوئی تصور نہیں کر سکتا تھا کہ بجلی کی قیمتوں میں کمی ممکن ہوگی، پی ٹی آئی رہنما آج ایک دوسرے پر کرپشن کے الزامات لگا رہے ہیں، ان کا قائد بھی عدالت سے سزا یافتہ ہے، اور بیرون ملک موجود کچھ عناصر ملکی مفادات کے خلاف سرگرم ہیں۔

خواجہ آصف نے کہا کہ ملک کی حالت ناگفتہ بہ تھی لیکن پی ڈی ایم کی مشترکہ کوششوں سے امید کی ایک نئی کرن پیدا ہوئی ہے۔

وزیر دفاع نے دعویٰ کیا کہ مریم نواز پنجاب میں ترقی کی نئی مثالیں قائم کر رہی ہیں، نواز شریف، مریم نواز اور شہباز شریف جہاں بھی ہوں، ترقی کا سفر جاری رہتا ہے، انہوں نے کہا کہ دہشتگردی ایک سنجیدہ چیلنج ہے اور ہمارے سپاہی ہر روز جانوں کا نذرانہ دے رہے ہیں، حتیٰ کہ عید کے دن بھی وہ سرحدوں پر مستعد کھڑے ہوتے ہیں۔

اپنے خطاب میں انہوں نے مزید کہا کہ انہوں نے چھ ماہ جیل میں گزارے جہاں ملاقاتیں بھی بند تھیں، جبکہ پی ٹی آئی کے رہنما جیل میں تمام سہولیات سے مستفید ہو رہے ہیں، یہاں تک کہ انہیں دیسی کھانے اور کشتے بھی فراہم کیے جا رہے ہیں۔

خواجہ آصف نے کہا کہ پی ٹی آئی کی صفوں میں شدید اختلافات ہیں، ان کے قائدین ایک دوسرے کو برا بھلا کہہ رہے ہیں، اور کئی کے اپنے اہل خانہ بھی انہیں ووٹ نہیں دیتے، انہوں نے کہا کہ عوام مخالف بیانیے کے باوجود بیرون ملک پاکستانیوں نے زیادہ ترسیلات وطن بھیجیں، اور آنے والے بجٹ میں مزید ریلیف دیا جائے گا۔

شیئر کریں:
frontpage hit counter