بدھ, 23 اپریل , 2025

اسپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی کو مستعفی ہو جانا چاہیے، عمران خان

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

 

latest urdu news

پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان کا کہنا ہے کہ اگر پارٹی رہنماؤں پر کرپشن کے الزامات کی تحقیقات کرنے والی کمیٹی نے کوئی فیصلہ کیا ہے تو خیبر پختونخوا اسمبلی کے اسپیکر کو اپنے عہدے سے مستعفی ہو جانا چاہیے۔

اڈیالہ جیل راولپنڈی میں عمران خان سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے سینئر رہنما اعظم خان سواتی نے بتایا کہ ان کی بانی پی ٹی آئی سے2 دیگر افراد کے ساتھ ملاقات ہوئی، جس میں انہیں آگاہ کیا گیا کہ سلمان اکرم راجہ کسی بھی طرح کا سودا نہیں کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کو مانسہرہ میں کرپشن کے معاملات سے آگاہ کیا گیا، اور پارٹی کمیٹی کے فیصلوں پر بات ہوئی، عمران خان نے واضح کیا کہ اگر خیبر پختونخوا اینٹی کرپشن فائنڈنگز کمیٹی نے کوئی فیصلہ کیا ہے، تو اسپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی کو مستعفی ہو جانا چاہیے۔

اعظم سواتی نے کہا کہ انہوں نے جنید اکبر کے حوالے سے بھی عمران خان کو آگاہ کیا، جس پر بانی پی ٹی آئی نے ہدایت دی کہ جنید اکبر کی جانب سے کی گئی تعیناتیوں کو فوری طور پر واپس لیا جائے،پنجاب کی صورتحال پر بھی عمران خان کو بریفنگ دی گئی اور انہیں بتایا گیا کہ عالیہ حمزہ کو رکاوٹوں کا سامنا ہے۔

انہوں نےکہا کہ عمران خان کو بتایا گیا کہ سردار خان اور اکرام اللہ پر کرپشن کے الزامات ہیں، اس کے باوجود انہیں عہدے دیے گئے ہیں، انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ہر حال میں بانی پی ٹی آئی کو جیل سے باہر نکالنا ہے۔

اس موقع پر مبشر مقصود اعوان نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان نے شکوہ کیا کہ انہیں جیل میں کتابیں فراہم نہیں کی جا رہیں، 7ماہ سے بچوں سے فون پر بات کرنے کی اجازت نہیں دی گئی اور سیاسی ملاقاتوں پر بھی پابندی عائد ہے۔

پی ٹی آئی کے سیکریٹری جنرل سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ وہ اعظم سواتی کی بات جنید اکبر تک پہنچائیں گے، اور اگر پنجاب میں کوئی مسئلہ درپیش ہے تو اس پر بھی مشاورت کی جا سکتی ہے،پارٹی میں کوئی بڑی لڑائی نہیں، معمولی معاملات چلتے رہتے ہیں۔

شیئر کریں:
frontpage hit counter