کراچی،گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہا ہے کہ شہر میں ٹریفک حادثات پر آل پارٹیز کانفرنس بلائیں گے۔
گورنر سندھ کامران ٹیسوری واٹر ٹینکرکی ٹکرسے جاں بحق ہونے والی زینب کے گھر شاہ فیصل کالونی پہنچ گئے، زینب کے والد سے تعزیت اور فاتحہ خوانی کی، اس موقع پر ایم کیوایم رابط کمیٹی کے اراکین اور اہل محلہ بھی موجود ہے۔
انہوں نے کہا کہ آج دکھی دل کے ساتھ زینب کے والد سے تعزیت کرنے پارٹی کے عہدیداروں کے ساتھ آیا ہوں، ایم کیوایم رابطہ کمیٹی کے اراکین یہاں موجود ہیں۔
کامران ٹیسوری کا کہنا تھا کہ عید سے پہلے بھی میں زینب کے اہل خانہ سے ملنے آیا تھا، ہم نے عیدالفطرسادگی سے منانے کا اعلان کیا تھا، شہر میں ٹریفک حادثات پر آل پارٹیز کانفرنس بلائیں گے۔
گورنر سندھ نے کہا کہ گزشتہ روز آئی جی سندھ اور ایڈیشنل آئی جی پولیس سے ملاقات کی، ملاقات میں ٹریفک حادثات پر بات چیت ہوئی ہے، زینب بیٹی کا حادثہ تمام اکائیوں کو ہلا دینے والا واقعہ ہے، زینب اور اس کے شوہر کو پلاٹ دینے کا اعلان کیا ہے، پلاٹ کے کاغذات ان کے حوالے کریں گے۔
ٹریفک حادثات کے متاثرین کو دو، دو کروڑ مالی مدد کے طور پر دینے چاہیے، میں حادثات کے حوالے سے آواز اٹھانے پر ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کا بھی شکر گزار ہوں۔
کامران ٹیسوری نے کہا کہ اٹھارویں ترمیم کے بعد فیصلہ سازی کی قوت میرے پاس نہیں، تاہم شہر میں ٹریفک حادثات کے بعد واضع حکمت عملی تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔
گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ ہر سطح پر زینب بیٹی کے حوالے سے آواز بلند کروں گا، سمارٹ سٹی نے ٹریفک حادثات میں جاں بحق ہونے والوں کو80،80 گز پلاٹ دینے کا اعلان کیا ہے، اس پر عمل در آمد جاری ہے۔