پاکستان نے بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر کے پاکستان میں اقلیتوں کے ساتھ سلوک سے متعلق بیان کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا۔
ترجمان دفتر خارجہ شفقت علی خان کا کہنا تھا کہ بھارت میں اقلیتوں پر ریاستی جبر کے ناقابل تردید شواہد موجود ہیں، جہاں اقلیتوں کے خلاف مظالم حکومتی سرپرستی میں جاری ہیں۔ بھارت کو اقلیتوں کے حقوق کا علمبردار بننے کا کوئی حق نہیں۔
ترجمان نے کہا کہ پاکستان میں ریاستی ادارے اقلیتوں کے تحفظ کو یقینی بناتے ہیں، جبکہ بھارت میں اقلیتوں کے خلاف نفرت اور تشدد کو ہوا دی جا رہی ہے۔
دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ بھارت میں مساجد اور درگاہوں پر حملے عام ہو چکے ہیں، بھارتی حکومت دوسروں پر الزامات لگانے کے بجائے مسلمانوں سمیت تمام اقلیتوں کے تحفظ کو یقینی بنائے۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے چاند رات اور عیدالفطر کے موقع پر سخت سکیورٹی انتظامات کی ہدایت جاری کر دی۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے چاند رات کے دوران بازاروں میں خواتین پولیس اسکواڈ کے گشت میں اضافہ کرنے اور خواتین و بچوں کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنانے کا حکم دیا ہے۔