کراچی کے میئر بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ اگلے دو سال میں کراچی میں اتنے ترقیاتی کام کریں گے کہ ہر گلی سے "جئے بھٹو” کی آواز گونجے گی۔
کھارادر میں مچھی میانی مارکیٹ کے ترقیاتی منصوبوں کے افتتاح کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ الیکشن سے پہلے جو وعدے کیے تھے، ان کی تکمیل کی جا رہی ہے۔
پیپلز پارٹی کے حوالے سے جو تاثر دیا جاتا تھا، وہ غلط ثابت ہو رہا ہے، اور شہر کے مختلف علاقوں، خاص طور پر سینٹرل اور ایسٹ میں ترقیاتی کام پیپلز پارٹی کے ذریعے ہو رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کراچی میں پانی کے مسائل بھی حل کیے جائیں گے اور ترقیاتی منصوبے تیزی سے مکمل کیے جائیں گے تاکہ عوام کو بہتر سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
ایم کیو ایم پر تنقید کرتے ہوئے مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ یہ حیران کن بات ہے کہ پہلے وہ اختیارات کی نچلی سطح تک منتقلی کے حق میں تھے، لیکن اب کہہ رہے ہیں کہ کے ایم سی کے بجائے پی آئی ڈی سی ایل ترقیاتی کام کرے، یہ کیسا اصول ہے کہ جب اپنا میئر ہو تو اختیارات مانگے جائیں، لیکن دوسروں کے لیے نہیں؟
دوسری جانب صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ دہشتگردی اور خوارج کے فتنے کو جڑ سے ختم کر کے دشمنوں کے عزائم خاک میں ملا دیں گے۔
یوم پاکستان کے موقع پر ایوانِ صدر میں منعقدہ مسلح افواج کی پریڈ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر آصف علی زرداری نے قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ 23 مارچ ہماری تاریخ کا ایک یادگار دن ہے، جسے ہم نے بے شمار قربانیوں کے بعد پایا۔