سیکیورٹی فورسز نے افغان سرحد سے دراندازی کی کوشش ناکام بنا تے ہوئے 16 خوارج جہنم واصل کردیے ۔
شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز نے افغانستان سے دراندازی کی کوشش کو ناکام بناتے ہوئے 16 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق، غلام خان کیلی کے علاقے میں دہشت گردوں نے سرحد پار سے دراندازی کی کوشش کی، جس پر سیکیورٹی فورسز نے فوری کارروائی کرتے ہوئے انہیں پسپا کر دیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق 22 اور 23 مارچ کی درمیانی شب دہشت گردوں نے پاک-افغان سرحد عبور کرنے کی کوشش کی، تاہم سیکیورٹی فورسز کی بروقت جوابی کارروائی کے نتیجے میں تمام 16 دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔
آئی ایس پی آر نے کہا کہ پاکستان مسلسل افغان عبوری حکومت سے سرحدی نگرانی کے مؤثر اقدامات کا مطالبہ کر رہا ہے اور امید ہے کہ افغان حکام اپنی ذمہ داریوں کو پورا کرتے ہوئے دہشت گردوں کو اپنی سرزمین کے استعمال سے روکیں گے۔
ادھر، وزیراعظم شہباز شریف نے سیکیورٹی فورسز کو کامیاب کارروائی پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ملک دشمن عناصر کے مذموم عزائم کو کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا، انہوں نے مزید کہا کہ پوری قوم اپنی بہادر افواج کے ساتھ کھڑی ہے۔