لاہور، سابق وزیر اعلیٰ پنجاب اور مسلم لیگ (ن) کے نائب صدر حمزہ شہباز شریف کا کہنا ہے کہ پاکستان کو ایک مثالی اور فلاحی ریاست بنانے کے لیے ہر فرد اور ہر طبقے کو اپنی ذمہ داریاں نبھانی ہوں گی۔
یوم پاکستان کے موقع پر اپنے پیغام میں حمزہ شہباز نے کہا کہ یہ دن ہمیں ان اصولوں اور اہداف کی یاد دلاتا ہے، جن کی بدولت برصغیر کے مسلمانوں نے ایک علیحدہ وطن کے قیام کے لیے جدوجہد کی۔
انہوں نے کہا کہ آج ہم قائداعظم اور تحریک آزادی کے دیگر رہنماؤں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، جن کے خلوص، دانشمندی اور بے مثال قربانیوں کے نتیجے میں پاکستان معرض وجود میں آیا۔ اب ملک کو ایک حقیقی اسلامی فلاحی ریاست میں تبدیل کرنے کے لیے ہر شہری کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔
حمزہ شہباز شریف نے مزید کہا کہ گزشتہ برسوں میں پاک فوج اور سیکیورٹی اداروں نے ملک میں امن و استحکام کے لیے بے شمار قربانیاں دی ہیں، یوم پاکستان ان شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے اور ان کی قربانیوں کا شکریہ ادا کرنے کا دن بھی ہے۔
دوسری جانب وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ نے پاکستان کی بنیاد رکھی اور آج اسے ترقی کی راہ پر گامزن کر رہی ہے۔
یومِ پاکستان کے موقع پر اپنے بیان میں صوبائی وزیر عظمیٰ بخاری نے کہا کہ یہ دن ایک نئی سوچ، بلند حوصلے اور جذبے کی علامت ہے، 23 مارچ ہمیں دنیا میں ایک ممتاز اور عظیم قوم بننے کا احساس دلاتا ہے۔