اسلام آباد، وزیرِ مملکت برائے ریلوے بلال اظہر کیانی کا کہنا ہے کہ سکیورٹی کلیئرنس مکمل ہونے کے بعد بلوچستان میں ٹرین سروس دوبارہ فعال کر دی جائے گی۔
اپنے بیان میں وزیرِ مملکت نے کہا کہ جعفر ایکسپریس کے واقعے کے بعد بلوچستان میں ریلوے سروس کو حفاظتی پروٹوکول کے ساتھ بحال کیا جائے گا، مسافروں کی سلامتی اور سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے ٹریک اور بوگیوں کی مکمل بحالی کا عمل جاری ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ سکیورٹی خدشات کو ختم کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں، اور ان خطرات کو کم کرنے کے بعد ہی ٹرین سروس بحال کی جائے گی۔
بلال اظہر کیانی کا کہنا تھا کہ حکومت دہشت گردی کے خلاف پوری قوت کے ساتھ کھڑی ہے اور اس کے مکمل خاتمے تک غیر متزلزل عزم کے ساتھ جنگ جاری رکھے گی۔
دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ ملک میں معاشی استحکام قائم ہو چکا ہے اور اداروں میں اصلاحات اور نظام کی بہتری کا سلسلہ جاری ہے۔
اپنے بیان میں وزیراعظم نے کہا کہ پارلیمان، عدلیہ اور انتظامیہ اپنے آئینی فرائض کی انجام دہی میں مصروف ہیں، حکومت کی مسلسل محنت کے نتیجے میں معاشی استحکام حاصل کیا جا چکا ہے، جبکہ ادارہ جاتی اصلاحات اور نظام کی بہتری پر کام جاری ہے۔