لاہور،ملکی حالات کے پیش نظر پنجاب بھر میں سیکیورٹی مزید سخت کر دی گئی۔
ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق صوبے میں انٹیلیجنس بیسڈ سرچ آپریشنز اور سیکیورٹی مشقیں جاری ہیں۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 436 سرچ اینڈ سویپ آپریشنز اور 8 سیکیورٹی مشقیں کی گئیں، جن میں 38 اشتہاری مجرم اور 123 مشتبہ افراد کو گرفتار کیا گیا۔
آپریشنز کے دوران 2 کلاشنکوف، 12 بندوقیں، 20 ہینڈ گنز، سیکڑوں گولیاں، 43 کلو چرس، 2 کلو ہیروئن اور 560 گرام آئس برآمد کی گئی۔
پولیس ترجمان کے مطابق دہشت گردوں اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیوں کے لیے سیکیورٹی مشقیں بھی جاری ہیں، جن میں پنجاب پولیس، سی ٹی ڈی، اسپیشل برانچ، ایلیٹ فورس اور ریسکیو 1122 نے حصہ لیا۔
دوسری جانب خیبرپختونخوا کے عوام نے افغان مہاجرین کے جلد انخلاء کے حکومتی فیصلے کو مثبت قرار دیا ہے۔
حکومت پاکستان نے افغان باشندوں کو 31 مارچ تک ملک چھوڑنے کی ڈیڈ لائن دے دی ہے، کئی دہائیوں سے مقیم افغان مہاجرین کی بھرپور میزبانی کے باوجود، حالیہ دہشت گردی کے واقعات میں ان کے ملوث ہونے کے شواہد سامنے آنے پر حکومت نے ان کے انخلاء کا فیصلہ کیا ہے۔