نارنگ منڈی،وفاقی وزیر برائے قومی غذائی تحفظ، رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی ہماری اتحادی تھی اور آئندہ بھی ساتھ رہے گی، جبکہ حکومت اپنی 5سالہ مدت مکمل کرے گی۔
نارنگ منڈی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا تنویر حسین کا کہنا تھا کہ افغانستان سے آنے والا اسلحہ پاکستان کے خلاف استعمال ہو رہا ہے، اگر امریکا اسے خرید لے یا تلف کر دے تو ملک میں امن و امان بحال ہو سکتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اللہ کی قدرت ہے کہ جنہوں نے دہشت گردوں کو آزادی دی، وہی آج اس کے نتائج بھگت رہے ہیں۔ ملک کو انتشار سے بچانے کے لیے سخت اقدامات کیے جائیں گے اور سزائیں بھی دی جائیں گی۔
صنعتی بحالی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم نے شرح سود 22 فیصد سے کم کرکے 12 فیصد تک لے آئے ہیں، جبکہ پیر کے روز گورنر اسٹیٹ بینک کے ساتھ ملاقات طے ہے، جس میں شرح سود مزید کم ہو کر 10 فیصد تک آنے کا امکان ہے۔
رانا تنویر حسین نے کہا کہ حالیہ ژالہ باری سے فصلوں کو شدید نقصان پہنچا ہے، جس کے پیش نظر وزیر اعلیٰ مریم نواز کو تحریری طور پر درخواست دی گئی ہے کہ نارنگ منڈی کو آفت زدہ قرار دے کر کسانوں کی مالی مدد کی جائے۔
دوسری جانب وفاقی وزیر برائے سمندر پار پاکستانی چوہدری سالک حسین نے اوورسیز پاکستانیوں کے پاسپورٹ بلاک ہونے کے معاملے پر نوٹس لے لیا۔
پاکستان بزنس فورم فرانس نے یہ مسئلہ وفاقی وزیر کے سامنے اٹھایا، جس پر انہوں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے وزارت داخلہ کو خط لکھ دیا۔