ہفتہ, 15 مارچ , 2025

پُرتشدد رویے قوم اور ملک کے لیے باعث ندامت ہیں ، خواجہ آصف

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

 

latest urdu news

سیالکوٹ، وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ پُرتشدد رویے قوم اور ملک کے لیے باعث شرمندگی ہیں۔

سیالکوٹ میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ پاکستان میں تمام شہری مذہبی ہم آہنگی اور رواداری کے ساتھ مل جل کر رہ رہے ہیں،سیالکوٹ عالمی سطح پر سکھ برادری کے لیے خصوصی اہمیت کا حامل ہوگا، اس سرزمین پر ہر فرد کا مساوی حق ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے پہلے اسپیکر ہندو تھے، جسٹس کارنیلئس جیسے نامور جج ہمارے چیف جسٹس رہے، جن کی دیانت داری پر کبھی کوئی انگلی نہیں اٹھا سکا، جسٹس کارنیلئس عدالتی شفافیت کی مثال تھے، ہمارا مذہب تحمل اور برداشت کا درس دیتا ہے، جو اس کا بنیادی اصول ہے۔

لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ بدقسمتی سے ملک میں وقتاً فوقتاً متشدد واقعات رونما ہوتے ہیں، قائداعظم کا پہلا خطاب اقلیتوں کو مساوی حقوق دینے پر زور دیتا تھا، تمام شہریوں کو یکساں حقوق ملنے چاہئیں، کسی کو بھی مذہب یا نسل کی بنیاد پر تفریق کا نشانہ نہیں بنایا جانا چاہیے۔

وزیر دفاع نے کہا کہ ماضی میں پنجاب میں اقلیتی امور کا محکمہ غیر فعال تھا، تاہم وزیراعلیٰ پنجاب کی خصوصی توجہ سے اب یہ محکمہ اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے سرگرم ہے، پنجاب حکومت اقلیتی برادری کے لیے مثبت اقدامات کر رہی ہے، جس پر وزیراعلیٰ مریم نواز کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔

خواجہ آصف نے مزید کہا کہ ہمارا مذہب سکھاتا ہے کہ تمام اقلیتیں خوشی اور امن سے زندگی گزاریں، ہمیں ملک کو ہر قسم کی مذہبی منافرت سے پاک کرنا ہوگا۔

شیئر کریں:
frontpage hit counter