ہفتہ, 15 مارچ , 2025

پی ٹی آئی پشاور کے اجلاس میں کے پی حکومت کی کارکردگی پر اظہار تشویش ، احتجاج کا امکان

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

 

latest urdu news

پشاور میں منعقدہ پی ٹی آئی کے ضلعی اجلاس میں خیبرپختونخوا میں اپنی ہی حکومت کی کارکردگی پر عدم اطمینان کا اظہار کیا گیا۔

حالیہ ضلعی اجلاس کا اعلامیہ جاری کیا گیا، جس میں کہا گیا کہ صوبے میں تیسری بار پی ٹی آئی کی حکومت قائم ہے، لیکن پشاور اب بھی بنیادی مسائل کا شکار ہے،شہر کے کئی علاقوں میں ترقیاتی منصوبوں کو نظرانداز کیا جا رہا ہے۔

اعلامیے میں نشاندہی کی گئی کہ سیوریج کا نظام بگڑ چکا ہے، جس کے نتیجے میں بارشوں کے بعد شہر میں سیلابی صورتحال پیدا ہو جاتی ہے، واٹر اینڈ سینیٹیشن سروسز کی ناقص کارکردگی کے باعث صفائی کا نظام بری طرح متاثر ہے۔

اجلاس کے اعلامیے میں مزید کہا گیا کہ پشاور کے کئی علاقوں میں پینے کے صاف پانی اور اسٹریٹ لائٹس کی شدید قلت ہے، جبکہ پشاور کا ترقیاتی فنڈ دیگر اضلاع کو منتقل کیا جا رہا ہے۔

اس کے علاوہ، اعلامیے میں سیف سٹی پراجیکٹ پر بھی سوال اٹھایا گیا، جو 2009 میں تجویز کیا گیا تھا لیکن تاحال اس پر عملدرآمد نہیں ہو سکا، اگر مسائل فوری طور پر حل نہ کیے گئے تو احتجاج کا راستہ اختیار کیا جا سکتا ہے۔

دوسری جانب، وزیراعلیٰ کے فوکل پرسن برائے پشاور میگا پراجیکٹس، ارباب عاصم نے نجی ٹی وی چینل سے گفتگو میں کہا کہ پشاور سمیت صوبے بھر میں میگا پراجیکٹس پر کام جاری ہے، اور اجلاس میں دی گئی تجاویز پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔

شیئر کریں:
frontpage hit counter