ہفتہ, 15 مارچ , 2025

عمران خان اور بشریٰ بی بی کو سحری و افطار میں کچھ مہیا نہیں کیا جا رہا ، بیرسٹر سیف

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

 

latest urdu news

پشاور، مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر ڈاکٹر سیف کا کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشریٰ بی بی کو سحری و افطار میں کچھ فراہم نہیں کیا جا رہا۔

اپنے ایک بیان میں بیرسٹر سیف نے کہا کہ رمضان المبارک میں سابق وزیراعظم عمران خان سے ملاقاتوں پر پابندی کا مقصد اذیت دینا ہے، اطلاعات ہیں کہ بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کو سحری و افطار میں کچھ فراہم نہیں کیا جا رہا، دونوں کو مجبوراً نہار منہ روزہ رکھنا پڑ رہا ہے۔

عمران خان کا کہنا ہے کہ انہیں عبادات سے بھی روکا جا رہا ہے، حکومت کے اوچھے ہتھکنڈوں کے باعث عوام میں شدید تشویش پائی جاتی ہے، حکومت ایک قیدی سے خوفزدہ ہے۔

بیرسٹر سیف نے کہا کہ ملاقاتوں پر پابندی عدالتی احکامات کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہے، عدالت کو توہینِ عدالت کی کارروائی کرنی چاہیے۔

دوسری جانب وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری کا کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشریٰ بی بی کو جیل میں کھانا نہ دینے کا بیان من گھڑت اور بے بنیاد ہے۔

مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر سیف کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے ن لیگی رہنما عظمیٰ بخاری نے کہا کہ دونوں میاں بیوی کو معمول کے مطابق ان کے کھانے پینے کے لوازمات مہیا کیے جارہے ہیں، جو شخص دوپہر 12بجے اٹھتا ہو وہ روزہ کیسے رکھ سکتا ہے۔

عظمیٰ بخاری کا کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کو ہفتے میں 3 دن گوشت،سبزیاں ،دالیں ،چقندر کا جوس مل رہا ہے، بانی پی ٹی آئی کو کافی،بوائل انڈے اور خشک میوہ جات کھانے کو ملتے ہیں، بشریٰ بی بی کا کھانے کو جو دل چاہتا وہ مہیا کیا جاتا ہے، پشاور میں بیٹھے ایک شخص کو خواب آیا ہے انکے آ قا کو جیل میں کھانا نہیں مل رہا ۔

شیئر کریں:
frontpage hit counter