بدھ, 23 اپریل , 2025

عمران خان اور انکی زوجہ کی ملاقات کرائی جاتی ہے ، سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کا عدالت میں بیان

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

 

latest urdu news

اسلام آباد ہائی کورٹ میں بانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشریٰ بی بی کی ملاقات نہ کرانے سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی، جس میں سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل نے عدالت کو بتایا کہ عمران خان اور بشریٰ بی بی کی ہر منگل کو ملاقات کرائی جا رہی ہے۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے قائم مقام چیف جسٹس سرفراز ڈوگر نے عدالتی حکم پر عمل نہ کرنے کے الزام میں توہین عدالت کیس کی سماعت کی،سماعت میں عمران خان کے وکیل فیصل چوہدری اور سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل عبدالغفور انجم پیش ہوئے۔

دورانِ سماعت عدالت نے استفسار کیا کہ کیا عدالتی حکم پر مکمل عمل ہو رہا ہے؟ جس پر سپرنٹنڈنٹ جیل نے جواب دیا کہ عدالتی احکامات کی مکمل تعمیل کی جا رہی ہے اور درخواست گزار کے وکیل کو بھی اس حوالے سے آگاہ کر دیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جیل قوانین میں اس مخصوص ملاقات کا ذکر نہیں، تاہم اس کے باوجود ہر منگل کو عمران خان اور بشریٰ بی بی کی ملاقات کرائی جاتی ہے۔

وکیل فیصل چوہدری نے کہا کہ اگر سپرنٹنڈنٹ جیل عدالت کو یقین دہانی کرا دیں کہ عدالتی فیصلے پر مکمل عمل ہوگا، تو پھر کوئی مسئلہ نہیں، کیونکہ رکاوٹ جیل حکام کی طرف سے نہیں بلکہ کسی اور جانب سے آتی ہے، اس پر سپرنٹنڈنٹ جیل نے وضاحت کی کہ کسی بھی جانب سے کوئی رکاوٹ نہیں ڈالی جا رہی۔

چیف جسٹس سرفراز ڈوگر نے ریمارکس دیےکہ ہم یہاں موجود ہیں، جو بھی معاملہ ہوگا، دیکھ لیں گے۔

بعد ازاں، اسلام آباد ہائی کورٹ نے عدالتی فیصلے پر عمل درآمد کے بعد درخواست نمٹا دی۔

شیئر کریں:
frontpage hit counter