پشاور، پاکستان تحریک انصاف خیبرپختونخوا کے صدر جنید اکبر کی جانب سے پہلے جلسے کے بعد پارٹی میں سزا و جزا کا عمل لانے کا اعلان کر دیا گیا۔
جنید اکبر نے بڑا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی کیلئے محنت کرنے اور نہ کرنے والوں کی اب نشاندہی ہوگی۔
کل ہونے والے صوابی جلسے میں کون کتنے ورکرز لے کر آیا؟ صوبائی صدر نے اس متعلق رپورٹ مرتب کرنے کی ہدایت کر دی۔
پی ٹی آئی خیبرپختونخوا کے صدر جنید اکبر نے کہا کہ تمام ضلعی اور تحصیل کے صدور تین دن کے اندر رپورٹ جمع کریں، رپورٹ کو نہ صرف بانی پی ٹی آئی عمران خان کو بھیجا جائے گا بلکہ اسے سوشل میڈیا پر بھی شیئر کیا جائے گا۔
جنید اکبر نے کہا کہ پارٹی میں سزا اور جزا کا عمل لانے والا ہوں، اب ایسا نہیں چلے گا کہ کوئی محنت کرے اور کوئی نہ کرے۔
دوسری جانب وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال کا کہنا ہے کہ حکومت نے دن رات محنت کرکے ملک کو ڈیفالٹ سے بچایا۔
یوم تعمیر و ترقی کے موقع پر تقریب سے خطاب کے دوران وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ اپریل 2022 میں ملک کے ڈیفالٹ کی باتیں کی جارہی تھیں، وزیراعظم کی قیادت میں حکومت نے دن رات محنت اور سیاست قربان کرکے ملک کو ڈیفالٹ سے بچایا۔
احسن اقبال نے کہا کہ حکومت کے اقدامات سے غیرملکی سرمایہ کاری میں اضافہ ہو رہا ہے، سیاسی استحکام، پالیسیوں کا تسلسل نہ ہونے کی وجہ سے ہم پیچھے رہ گئے، ایک اناڑی نے ملکی تباہی میں کوئی کسر نہیں چھوڑی، 4 سال میں ملکی ترقی کا راستہ روکا گیا۔