اسلام آباد ، سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی جانب سے اپوزیشن لیڈر عمر ایوب کی طرف سے مذاکرات کی دعوت مسترد کرنے پر ردعمل سامنے آگیا۔
ترجمان قومی اسمبلی کا کہنا ہے کہ ا سپیکر سردار ایاز صادق نے تحریک انصاف کو مذاکرات کی کوئی دعوت نہیں دی تھی، اسپیکر قومی اسمبلی نے صرف یہ کہا تھا کہ ان کے دروازے ہر کسی کے لیے کھلے ہیں۔
قومی اسمبلی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ مذاکرات کی باضابطہ دعوت تب دی جائے گی جب حکومت یا اپوزیشن کی جانب سے انہیں خود درخواست کی جائے گی۔
ترجمان قومی اسمبلی کا کہنا ہے کہ اسپیکر قومی اسمبلی کا کردار بھی یہی ہے اور انہوں نے اپنی پوزیشن کلیئر کی تھی، انہوں نے کہا کہ ا سپیکر قومی اسمبلی کے چیمبر اور گھر کے دروازے کسی بھی رکن کے لیے کھلے ہیں۔
دوسری جانب وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال کا کہنا ہے کہ حکومت نے دن رات محنت کرکے ملک کو ڈیفالٹ سے بچایا۔
یوم تعمیروترقی کےموقع پرتقریب سے خطاب کے دوران وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ اپریل2022میں ملک کے ڈیفالٹ کی باتیں کی جارہی تھیں، وزیراعظم کی قیادت میں حکومت نے دن رات محنت اور سیاست قربان کرکےملک کوڈیفالٹ سےبچایا۔
احسن اقبال نے کہا کہ حکومت کے اقدامات سے غیرملکی سرمایہ کاری میں اضافہ ہو رہا ہے، سیاسی استحکام،پالیسیوں کاتسلسل نہ ہونے کی وجہ سے ہم پیچھے رہ گئے، ایک اناڑی نے ملکی تباہی میں کوئی کسر نہیں چھوڑی، 4سال میں ملکی ترقی کاراستہ روکاگیا۔