پشاور، مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر ڈاکٹر سیف کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی پیکا ایکٹ ترامیم میں برابر کی شریک ہے۔
اپنے ایک بیان میں بیرسٹر سیف نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے پیکا ایکٹ کے حق میں ووٹ دیا ہے، صدر آصف زرداری کے دستخط کے بعد یہ بل باقاعدہ قانون بن چکا ہے۔
بیرسٹر سیف نے کہا کہ پیپلز پارٹی اب میڈیا پر ایکٹ کی مخالفت کر کے دوغلے پن کا مظاہرہ نہ کرے، مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی ایک ہی سکے کے دو رخ ہیں، دونوں پارٹیاں ملک میں کالے قوانین کے نفاذ کی برابر کی ذمہ دار ہیں۔
رہنما پی ٹی آئی نے کہا کہ ان دونوں جماعتوں نے مل کر ملک میں لاقانونیت کو فروغ دیا ہے، دونوں پارٹیوں کو اپنے کالے دھن کا مکمل حساب دینا ہوگا۔
دوسری جانب وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال کا کہنا ہے کہ اڑان پاکستان منصوبہ گیم چینجر ثابت ہوگا۔
لندن میں پاکستان ہائی کمیشن میں ’’اڑان پاکستان‘‘ کی تقریب سے خطاب کے دوران وفاقی وزیر احسن اقبال کا کہنا تھا کہ 2025پاکستان کی مزید کامیابیوں کا سال ہوگا، امن واستحکام کے بغیر ترقی ممکن نہیں۔
احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان میں ترقی کیلئے سیاسی استحکام اور پالیسیوں کا تسلسل ضروری ہے،’’ اڑان پاکستان‘‘ منصوبہ گیم چینجر ثابت ہوگا، پاکستان نے مختلف شعبوں میں کامیابی حاصل کی ہے، آج پاکستان دنیا کی ساتویں ایٹمی قوت ہے۔