لاہور، وزیر اعظم شہباز شریف کی صدر مسلم لیگ( ن) میاں نواز شریف کے ساتھ اہم ملاقات ہوئی۔
جاتی امرا میں ہونیوالی ملاقات میں وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے صدر مسلم لیگ( ن) میاں نواز شریف سے ملکی سیاسی صورتحال اور پی ٹی آئی کے ساتھ مذاکرات سمیت اہم امور پر تبادلہ خیال کیا۔
صدر مسلم لیگ ن میاں نواز شریف کا کہنا ہے کہ ملک کے لئے ہم سب کو اکٹھا ہو کر چلنا ہوگا، انہوں نے وزیر اعظم کو ہدایت کی کہ مذاکرات میں ملکی مفاد کو سامنے رکھا جائے۔
ملاقات کے دوران وزیر اعظم شہبازشریف نے اب تک ہونیوالے مذاکرات بارے تفصیلات سے آگاہ کیا، وزیراعظم نے بریف کیا کہ ملکی معاشی حالات بہتر ہوگئے، حالات مثبت سمت میں جا رہے ہیں۔
دوسری جانب وفاقی وزیر اطلاعا ت عطا تارڑ نے کہا کہ ہر جگہ سے اچھی خبریں آرہی ہیں، پچھلے سال مہنگائی 38فیصد تھی اب 3.9فیصد پر ہے،معیشت کی ترقی کے حوالے سے عالمی ادارے بھی بات کررہے ہیں۔
عطاتارڑ نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان شہبازشریف نے ملک کو ترقی کی راہ پر ڈال دیا ہے، پاکستان پر بیرون ملک کے سرمایہ کاروں کا اعتماد بڑھ رہا ہے، آج معیشت گروتھ کی طرف جارہی ہے، پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا ڈاکہ 190ملین پاؤنڈ کا تھا۔