اسلام آباد،رہنما پیپلزپارٹی قمر زمان کائرہ کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کیساتھ مذاکرات کو ڈیل کا رنگ نہیں دینا چاہیے۔
نجی ٹی وی چینل کےپروگرام میں گفتگو کے دوران رہنما پیپلزپارٹی قمر زمان کائرہ کا کہنا تھا کہ پہلےحکومت پرمذاکرات نہ کرنےپرتنقید ہورہی تھی، ہم تو2018سےمذاکرات کی بات کر رہے ہیں۔
قمر زمان کائرہ کا کہنا ہے کہ بات چیت کوڈیل کا رنگ نہیں دینا چاہیے، ڈائیلاگ کا عمل سیاسی وقومی تقاضا ہے، ڈائیلاگ کےذریعے ہی راستے نکلتے ہیں، سیاسی مذاکرات سے مثبت توقع رکھتا ہوں۔
سینئر رہنما پیپلزپارٹی نے کہا کہ مذاکرات کےنتیجے میں درمیانی راستہ نکلتا ہےتوہمیں اعتراض نہیں، وزیراعظم شہبازشریف نے کبھی نہیں کہاکہ اپوزیشن سےہاتھ نہیں ملائیں گے، جمہوریت میں ڈیڈلاک مذاکرات کے ذریعے ہی ختم ہوتےہیں۔
سابقہ وفاقی وزیر کا کہنا ہے کہ مذاکرات کا مطلب راستہ نکالنا ہوتا ہے، میرے خیال میں مذاکراتی کمیٹیوں کے ارکان کو میڈیا میں بالکل نہیں آنا چاہیے، ارکان میڈیا میں آئیں گے تو معاملہ سبوتاژ ہو گا،یہ کبڈی اور کشتی کا میچ نہیں ہے۔
رہنما پیپلزپارٹی نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کواکٹھے ہو کر جمہوری پراسس کو مضبوط کرنا ہوگا، پیپلزپارٹی اور ن لیگ نےماضی سےسبق سیکھا ہے، سیاست میں آخرکار بات چیت سے ہی مسائل حل ہوتے ہیں، آگے بڑھنے کے لیے اپنی اپنی انا سے پیچھے ہٹنا پڑے گا۔